کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ریسرچ عبدالرؤف کاکڑ نے چائنہ ایڈ کی جانب سے عطیہ کیے گئے جدید سولر پمپنگ سسٹم کی تنصیب کا باضابطہ افتتاح زرعی تحقیقاتی ادارہ کوئٹہ میں کر دیا ،افتتاحی تقریب میں کوئٹہ میں تعینات تمام ڈائریکٹرز نے شرکت کی اور اس اہم تعاون پر چینی حکومت اور عوام کا دلی شکریہ ادا کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ایگریکلچر ریسرچ عبدالرؤف کاکڑ نے کہا کہ چینی حکومت کا یہ قیمتی تحفہ بلوچستان میں زرعی تحقیق اورعملی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سولر پمپنگ سسٹم کی تنصیب سے تحقیقاتی ادارے کی پانی کی ضروریات پوری ہوں گی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہوگا۔ ڈی جی نے مزید کہا کہ بلوچستان کی زرعی ترقی کے لیے چین کی جانب سے دیا جانے والا یہ تحفہ دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی تحقیق میں توانائی کے مسائل ایک بڑی رکاوٹ تھے جس کا مستقل حل سولر سسٹم کے ذریعے فراہم ہوا ہے۔ تقریب کے اختتام پر تمام ڈائریکٹرز اور عملے نے چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ زرعی تحقیق اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے اس سہولت کو بہترین انداز میں استعمال کیا جائے گا ۔