کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن ایم پی ائے حاجی علی مدد جتک نے کہا ہےکہ عوام کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ ہر فورم پر عوام کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے ۔ یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے والے قبائلی عمائدین ، معتبرین اور علاقے کے عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے حاجی علی مدد جتک کو علاقے کے مسائل ، عوامی مشکلات اور بنیادی سہولیات کی کمی سے آگاہ کیا ۔ حاجی علی مدد جتک نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ لوگوں کو ریلیف مل سکے ۔ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم ، صحت ، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں علاقے میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔