• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غلہ منڈی میں بارش کے جمع پانی سے خریدار آنے سے گریزاں‘ تاجروں کا احتجاج

ملتان (سٹاف رپورٹر) جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی غلہ منڈی ملتان میں بارش کے بعد پانی کھڑا ہونا معمول بن گیا ہے، جس سے اجناس خراب ہونے اور کاروبار متاثر ہونے پر تاجروں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد کئی کئی دن تک پانی کھڑا رہتا ہے جس سے لاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔غلہ منڈی کے تاجر ملک ناصر نے کہا کہ بارش کے باعث گندم، چاول اور دالیں پانی میں بھیگنے سے خراب ہو جاتی ہیں جس سے تاجر بھاری نقصان اٹھاتے ہیں۔ حاجی اللہ وسایا کے مطابق پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے خریدار غلہ منڈی آنے سے گریز کرتے ہیں اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہو جاتی ہیں۔اسی طرح تاجر محمد شفیق آرائیں نے کہا کہ انتظامیہ کو بارہا شکایات کی گئی ہیں لیکن جواب یہی ملتا ہے کہ مین لائن کلیئر ہوگی تو پانی نکلے گا۔ تاجر عمران بیگ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی اجناس مارکیٹ میں نکاسی آب کا نظام نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ غلہ منڈی میں نکاسی آب کے نظام کو ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے۔
ملتان سے مزید