ملتان (سٹاف رپورٹر) ہائی کورٹ ملتان بینچ کے جج جسٹس محمد وحید خان نے مردار جانور کا گوشت فروخت کرنیوالے کوٹ ادو کے عبدالروف کی ضمانت قبل از گرفتاری خارج کر دی ۔جسٹس عابد حسین چٹھہ نے وہوا( تونسہ شریف) پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ پٹیشنر محمد حسین اور 13دیگر افراد کو حراساں و پریشان کرنے سے باز رہے اور کوئی غیر قانونی اقدام نہ کریں۔ فاضل عدالت نے گزشتہ روز ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کیخلاف محمد حسین وغیرہ کی ہراسگی کی درخواست کی سماعت کی۔جسٹس محمد جواد ظفر نے ڈیرہ غازیخان پولیس کے خلاف امیر حمزہ کی رٹ پٹیشن پولیس کے اس بیان پر نمٹا دی گئی کہ انہوں نے پٹیشنر کے بھائی امیر معاویہ کو چھوڑ دیا ہے ۔جسٹس محمد وحید خان نے تین ملزمان الہی بخش محمد وسیم اور محمد ندیم کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی تاہم عدالت نے مرکزی ملزم محمد سلیم کی ضمانت قبل از گرفتاری خارج کر دی ۔جسٹس محمد اقبال نے میاں چنو ں کے ایک ضعیف العمر پٹیشنر ریاض احمد کی نگرانی کی درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے مرضی کی شادی کرنیوالی خاتون سعیدہ کو ہراساں و پریشان کرنے سے متعلق درخواست پر ایس ایچ او تھانہ صدر کو ہراساں کرنے سے باز رہنے کا حکم دیا ہے، خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور،خاتون کو گھر میں گھس کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی عبوری ضمانت خارج کرنیکا حکم دیا ہے۔