ملتان(سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے قاسم بیلہ بند بوسن اور دیگر متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور فلڈ ریلیف کی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے پانی کے بہاؤ اور سیلابی صورتحال کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف اور بحالی کے اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی،کمشنر نے کہا کہ ملتان ڈویژن میں اب تک پانچ لاکھ سینتالیس ہزار تین سو چھپن افراد اور پانچ لاکھ تین ہزار تین سو باسٹھ مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فلڈ ریلیف کیمپس کی تعداد بڑھا کر 88 کر دی گئی ہے تاکہ متاثرہ افراد کو فوری اور بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں میں انتظامیہ متاثرہ افراد کو خود جا کر محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہے جبکہ زیادہ تر متاثرہ خاندان اپنے عزیز و اقارب کے پاس قیام کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پانی کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے شیر شاہ اور ہیڈ محمد والا میں بریچنگ کا فیصلہ بھی حالات کے مطابق کیا جائے گا