بالی ووڈ کے معروف فلمساز و پروڈیوسر سنجے لیلا بھنسالی اور دیگر دو افراد کے خلاف دھوکا دہی، نامناسب رویے اور بدسلوکی کا مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے پولیس ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ یہ شکایت پراتیک راج ماتھور نامی شخص نے بھارتی ریاست راجستھان کے شہر بیکانیر میں درج کراتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سنجے لیلا بھنسالی نے انھیں رنبیر کپور، عالیہ بھٹ اور وکی کوشل کی آئندہ آنیوالی فلم ’’لَو اینڈ وار‘‘ کے لیے بطور لائن پروڈیوسر کنٹریکٹ دیا تھا لیکن بعد میں اسے منسوخ کر دیا۔
ماتھور نے کہا کہ وہ فلم کی شوٹ کےلیے ضروری انتظامات کر رہا تھا اور اس دوران وہ فلم کی ٹیم سے ملنے ہوٹل گیا تو بھنسالی اور انکے ساتھیوں نے اسکے ساتھ بدسلوکی کی۔
بیکانیر صدر کے سرکل آفیسر وشال جنگیت نے میڈیا کو بتایا کہ پراتیک ماتھور نے پیر کو بھنسالی اور انکی ٹیم کے دو دیگر افراد اروند گل اور اوتکرش بالی پر الزام عائد کیا کہ انھوں نے انھیں بغیر کسی ادائیگی کے پروجیکٹ سے ہٹا دیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہ ایف آئی آر عدالتی حکم کے بعد فراڈ، سازش اور مجرمانہ دھمکیوں کے الزامات کے تحت درج کی گئی ہے۔