• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پون کلیان کی فلم ’او جی‘ کا پہلا ٹکٹ نیلامی میں بھاری قیمت پر فروخت

سیاستدان و ادکار پون کلیان—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
سیاستدان و ادکار پون کلیان—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

تیلگو فلموں کے سپر اسٹار اور آندھرا پردیش کے صوبائی وزیر پون کلیان کی فلم ’او جی‘ کا پہلا ٹکٹ نیلامی میں بھاری قیمت پر فروخت ہوا ہے، اس ٹکٹ کی آمدنی ان کی پارٹی کو عطیہ کی جائے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پون کلیان کی سالگرہ سے قبل ان کے مداحوں نے سجیت کے ساتھ ان کی آنے والی فلم ’او جی‘ کا پہلا ٹکٹ فروخت کرنے کے لیے ایک آن لائن نیلامی کا انعقاد کیا۔

اداکار و سیاستدان پون کلیان 2 ستمبر کو 54 سال کے ہو گئے اور ان کے مداحوں نے ان کی آنے والی فلم ’او جی‘ کا پہلا ٹکٹ سب سے زیادہ بولی لگانے والے کو فروخت کرنے کے لیے ایک آن لائن نیلامی کا انعقاد کیا۔

سوشل میڈیا پلٹ فارمز ایکس اور انسٹاگرام پر گردش کرنے والی نیلامی کی ایک ریکارڈنگ میں اداکار کے فین کلب ٹیم پون کلیان نارتھ امریکا نے فلم کا پہلا ٹکٹ 5 لاکھ روپے کی بھاری قیمت پر خریدا ہے، اس نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم پون کی جنا سینا پارٹی کو عطیہ کی جائے گی۔

فلم او جی جسے ’دے کال ہِم او جی‘ بھی کہا جاتا ہے، ایک گینگسٹر سے متعلق فلم ہے جس کی ہدایت کار سجیت ہیں جبکہ اسے ڈی وی وی انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے ڈی وی وی دانیا نے پروڈیوس کیا ہے۔

عمران ہاشمی اس فلم میں ولن اومی بھاؤ کے کردار سے اپنا تیلگو فلم ڈیبیو کر رہے ہیں جبکہ پون کلیان اوجاس گمبھیرا کا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

یہ فلم 2023ء میں بننا شروع ہوئی تھی، جس میں پریانکا موہن، ارجن داس، پرکاش راج، سریہ ریڈی، ہریش اتمان اور دیگر اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

تھمن ایس نے فلم او جی کی موسیقی ترتیب دی ہے اور یہ رواں ماہ کی 25 تاریخ کو بھارتی سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

او جی پون کلیان کی ان 3 فلموں میں سے ایک ہے جن کے لیے پون نے سیاست میں آنے اور آندھرا پردیش کا نائب وزیرِ اعلیٰ بننے سے پہلے ہامی بھری تھی۔

اداکار کی پارٹی جے ایس پی نے ٹی ڈی پی اور بی جے پی کے ساتھ اتحاد میں 2024ء کے آندھرا پردیش انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید