پشاور(جنگ نیوز)فرنٹیئر فاؤنڈیشن کوہاٹ سنٹر کے زیرِ اہتمام ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں قیدیوں کے ساتھ ساتھ جیل پولیس کے اہلکاروں نے بھی تھیلی سیمیا اور دیگر امراض خون میں مبتلا مریض بچوں کے لئے خون کے عطیات دیئے، سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ معتصم باللہ نے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا دورہ کیا اور خون کا عطیہ دینے والے قیدیوں اور پولیس اہلکاروں کے جذبہ کو سراہا، چیئرمین فرنٹیئرفاؤنڈیشن صاحبزادہ محمد حلیم نے سپرنٹنڈنٹ کوہاٹ جیل معتصم باللہ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ابرار داوڑ سمیت جیل انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تھیلی سیمیا جیسے موروثی مرض میں مبتلا بچوں کی زندگی بچانے کے لئے انہیں خون کا تسلسل سے ملنا انتہائی ضروری ہے، ایسے بلڈ ڈونیشن کیمپ زندگی کے لئے ترستے بچوں کے لئے امید کی کرن ہیں، عوام تھیلی سیمیا کے خاتمے کے مشن میں ہمارا ساتھ دیں۔