پی ٹی وی کے سینئر اداکار انور علی کے بیٹے کی والد سے متعلق جذباتی گفتگو نے مداحوں کو آبدیدہ کر دیا۔
پاکستان ٹیلی وژن کے سینئر اداکار انور علی 71 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد گزشتہ دنوں انتقال کرگئے تھے، انور علی نے اپنے فنی کیریئر میں متعدد یادگار ڈراموں میں کام کیا جس میں کامیڈی تھیٹر سمیت بےشمار ڈرامے شامل ہیں۔
وہ اپنی مزاحیہ اداکاری، دلکش مکالمہ گوئی اور شاندار باڈی لینگویج کی بدولت ناظرین کے دلوں پر راج کرتے رہے، انہوں نے 2017ء میں شوبز کو خیر باد کہہ کر اپنی زندگی مذہبی سرگرمیوں کے لیے وقف کر دی تھی۔
اداکار کے بیٹے نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنے والد کے آخری ایام کے بارے میں جذباتی گفتگو کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ابو آخری وقت تک میرا ہی نام لے رہے تھے اور کہتے تھے بیٹا کہیں مت جانا، میں 17 دن رات اسپتال میں ان کے ساتھ رہا، ایک بار میں نے بہن کو ویڈیو کال کروائی تو ابو نے فوراً کہا، یہ میری بیٹی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انور علی ہمیشہ جنازوں میں جانے کے لیے تیار رہتے تھے، صرف کپڑے بدلنے کا وقت پوچھتے اور فوراً روانہ ہو جاتے۔
بیٹے نے کہا کہ عمرہ کے دوران جب میں نے داڑھی رکھی تو ابو نے بھی خواہش ظاہر کی، میں نے ان سے کہا کہ آپ تو پہلے ہی باقاعدگی سے نماز پڑھتے ہیں، اب داڑھی بھی رکھ لیں۔
انور علی کے بیٹے نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کے والد کے لیے دعائے مغفرت کریں۔