کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان کی قیادت میں وفدنے ڈائریکٹرجنرل نادراسندھ عامر علی خان سے ملاقات کی اور میگا سینٹرز میں عوام کی مشکلات و تذلیل،لمبی لائنوں،غیرضروری کاغذات کی طلبی،شہر میں نئے میگاسینٹرز کے قیا م اور شہریوں کو دیگر درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور کہا کہ نا در امتاثرین میں ہرزبان بولنے والے شامل ہیں،نادرا کی ذمہ داری ہے کہ شناختی کارڈ کے حصول میں شہریوں کو درپیش مشکلات و رکاوٹیں دور کرے، فراہمی کا عمل سہل اور آسان بنایا جائے،وفد میں نائب امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ، سکریٹری پبلک ایڈ کمیٹی نجیب ایوبی، انچارج نادرا سیل پبلک ایڈ طاہر امیر الحسن شامل تھے، ملاقات میں جماعت اسلامی کی جانب سے مختلف مسائل اور مطالبات کے حوالے سے تفصیلی یادداشت پیش کی گئی، اس موقع پر ڈی جی نادرا نے سہولتوں میں اضافے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور مسائل کے حل کی بھرپور یقین دہانی کروائی، منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی میں شناختی کارڈ کے حصول اور نادرا سے متعلق بے شمار مسائل کے حوالے سے عوام جماعت اسلامی کراچی پبلک ایڈ سیکریٹریٹ میں رابطہ کرتے ہیں،ضروری ہے کہ تمام ٹاؤنز میں نادرا موبائل وین فراہم اور عوام کی مشکلات میں کمی لائی جائے۔