• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خسرہ اور روبیلا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے نومبر میں خصوصی ویکسی نیشن مہم چلانے کا فیصلہ

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا میں خسرہ اور روبیلا جیسی مہلک بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے محکمہ صحت نے رواں سال نومبر کے آخر میں خصوصی ویکسینیشن مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ مہم قومی سطح پر ہونے والی مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد بچوں کو خسرہ سے محفوظ بنانا اور بیماری کے مزید پھیلاؤ کو روکنا ہے۔ اس سلسلے میں سپیشل سیکرٹری صحت منصور ارشد کی زیر صدارت سٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم آر ون اور ایم آر ٹو ویکسینیشن کی اب تک کی کوریج کا جائزہ پیش کیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر اصغر نے بتایا کہ رواں سال اب تک 10 ہزار سے زائد مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے جن میں صرف 3,890 کیسز یعنی 39 فیصد میں خسرہ کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان مشتبہ کیسز میں 48 فیصد ایسے بچے شامل ہیں جنہیں خسرہ سے بچاؤ کی کوئی ویکسین نہیں دی گئی، پچھلے سال خسرہ کے 15 ہزار سے زائد مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے جن میں 7,354 کیسز تصدیق ہوئے تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ آئندہ مہم کے دوران صوبے بھر میں 60 لاکھ بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔ یہ مہم 17 نومبر سے 29 نومبر تک جاری رہے گی اور صرف دفتری اوقات میں چلائی جائے گی۔ مہم کا بنیادی مقصد ٹارگٹ بچوں کی 95 فیصد ویکسینیشن مکمل کرنا ہے تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ۔ مہم کے دوران چھ سے 59 ماہ کے عمر کے بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کا ایک ٹیکہ لگایا جائے گا، جبکہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کی دو خوراکیں بھی دی جائیں گی۔ صوبے کے تمام 37 اضلاع، 146 تحصیلوں اور 1403 یونین کونسلوں میں مجموعی طور پر 1753 فکسڈ ٹیمیں، 4918 آؤٹ ریچ ٹیمیں اور 300 موبائل ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، جو بچوں کو ویکسین فراہم کریں گی۔
پشاور سے مزید