پشاور (خصوصی نامہ نگار) محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے آشوب چشم کی روک تھام کے لئے اقدامات کی ہدایات جاری کردیں۔ یہ ہدایات محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کی روشنی میں صوبے بھر کے تمام ضلعی و تدریسی ہسپتالوں کو آشوب چشم (آنکھوں کی سوزش) کی روک تھام و کنٹرول کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کے لئے جاری کی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ این آئی ایچ کی ایڈوائزری کو عوام تک پہنچائیں، ہسپتالوں میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں، اور متاثرہ افراد کو بروقت طبی سہولیات فراہم کریں۔ محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آنکھوں میں خارش، سرخی یا پانی آنے کی صورت میں فوری طور پر قریبی ہسپتال سے رجوع کریں، اور بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے صفائی کا خاص خیال رکھیں۔