کیتھولک میسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو کی ویٹیکن سٹی میں اسرائیلی صدر اسحاق ہرتزوگ سے ملاقات ہوئی۔
ویٹیکن سے جاری بیان کے مطابق پوپ لیو نے اسرائیلی صدر سے غزہ کی المناک صورتحال پر بات کی۔
پوپ لیو نے جنگ بندی مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کی اُمید ظاہر کی اور غزہ میں مستقل جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کی خواہش کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ پوپ لیو اپنے دعائیہ خطابات میں بھی بارہا غزہ میں فوری جنگ روکنے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔
جنگ کے آغاز سے لاپتہ 400 فلسطینی شہید قرار
دوسری جانب غزہ کی پٹی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 84 فلسطینی شہید اور 338 زخمی ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ لاپتہ افراد سے متعلق عدالتی کمیٹی نے جنگ کے آغاز سے لاپتہ 400 فلسطینیوں کو شہید قرار دے دیا۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق مارچ میں جنگ بندی خاتمے کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں 11 ہزار 699 فلسطینی شہید ہوچکے، جبکہ اسی عرصے کے دوران اسرائیلی حملوں میں 49 ہزار 542 افراد زخمی ہوئے۔
فلسطینی حکام کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے وحشیانہ اسرائیلی حملوں میں 64 ہزار 231 فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 61 ہزار 583 زخمی ہوچکے۔