بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرا نے اہلیہ کے ساتھ اپنے رومانوی تعلقات کی ابتدا اور خاندان کے ردعمل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شروع شروع میں تو خاندان والوں کی طرف سے شکوک وشبہات کا اظہار کیا گیا لیکن پھر وہ راضی ہوگئے۔
بالی ووڈ کی سابق اداکارہ اور معروف کوریوگرافر فرح خان کے ولاگ میں بات چیت کے دوران برطانیہ میں کاروبار کرنے والے 50 سالہ راج کندرا نے انکشاف کیا کہ ان کی شلپا سے ملاپ پہلی ہی نظر میں محبت والا معاملہ تھا۔
راج کندرا، جو ماضی میں بالی ووڈ فلموں کی پروڈکشن اور فناسنگ بھی کرچکے ہیں، نے کہا کہ ابتدا میں انکا خاندان اس شادی کے لیے تیار نہ تھا۔ والد ابتدا میں کچھ ذہنی خلفشار کا شکار تھے اور جب والد کو شلپا سے میری ملاقاتوں کا پتہ چلا تو کہنے لگے: ارے یار تو کیا اداکاراؤں کے ساتھ لگ گیا ہے، وہ تو شراب نوشی اور سگریٹ پیتی ہے۔
جس پر میں نے والد سے کہا کہ وہ کسی بھی قیاس سے قبل شلپا سے مل تو لیں۔ جب والد کی شلپا سے ملاقات ہوئی تو پھر ان کا ذہن بدل گیا اور وہ مان گئے۔ اس موقع پر انھوں نے مجھے کہا کہ تم سائیڈ پر جاؤ اب ہمارا خاندان بہو کے ساتھ رہے گیا۔
ولاگ کے موقع پر موجود شلپا نے مسکراتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے سسرال والے اپنے بیٹے سے زیادہ مجھے پیار کرتے ہیں، جس پر راج کندرا نے ان کی تائید کی۔
واضح رہے کہ راج اور شلپا کی پہلی ملاقات 2007 میں اس وقت ہوئی جب شلپا نے برطانیہ میں اپنے پرفیوم لائن ایس ٹو کا آغاز کیا، جہاں راج اس کی پروموشن میں شلپا کی مدد کر رہے تھے، دونوں کی نومبر 2009 میں شادی ہوئی، ان کے دو بچے ہیں جن میں 13 سالہ بیٹا ویان اور 5 سالہ بیٹی سمیشا ہے۔