انٹارکٹیکا میں بغیر اجازت جہاز اتارنے والے امریکی پائلٹ ایتھن گو کو 2 ماہ بعد رہا کر دیا گیا، جس کے بعد وہ بحری جہاز کے ذریعے گزشتہ روز چلی پہنچ گئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق 20 سالہ ایتھن گو امریکی ریاست ٹینیسی سے تعلق رکھتے ہیں، وہ گزشتہ برس کینسر ریسرچ کے لیے فنڈز جمع کرنے کی مہم کے دوران دنیا کے ساتوں براعظموں پر اکیلے پرواز کرنے والے سب سے کم عمر پائلٹ بننے کی کوشش کر رہے تھے۔
چلی کے حکام کا کہنا ہے کہ ایتھن گو نے جھوٹا فلائٹ پلان جمع کروایا اور اجازت کے بغیر 28 جون کو انٹارکٹیکا کے فوجی اڈے پر اپنا طیارہ اتارا، جس کے بعد انہیں 2 ماہ تک فوجی بیس میں حراست میں رکھا گیا۔
عدالت نے پائلٹ کو اس شرط پر رہائی دی کہ وہ جمع کی گئی رقم ایک کینسر فاؤنڈیشن کو عطیہ کریں گے اور فوری طور پر ملک چھوڑ دیں گے۔
ساتھ ہی ان پر 3 برس کے لیے چلی میں داخلے پر پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔