اسلام آباد(نیوزرپورٹر)مالی سال 2026 امید افزا آغاز کے ساتھ جاری ہے‘ پہلے دو ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح نمایاں کمی کے ساتھ 3.5 فیصد پر آگئی ہے جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 10.4 فیصد تھی‘ مالی سال کے پہلے دوماہ میں ایف بی آر کی ٹیکس وصولیاں 14.1 فیصد اضافے کے ساتھ 1,661 ارب روپے تک پہنچ گئیں،اہم معاشی اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ یہ بات وزارت منصوبہ بندی،ترقی وخصوصی اقدامات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہی گئی ۔ پاکستان کی معیشت اور ترقیاتی منظر نامہ: ماہانہ ترقیاتی رپورٹ - ستمبر 2025کے عنوان سے جاری رپورٹ کے مطابق سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور پاکستان سٹاک ایکسچینج نے 5 ستمبر کو تاریخی 154,277 پوائنٹس کی سطح کو چھوا جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 18.1 کھرب روپے تک جا پہنچی جو بہتر کاروباری رجحانات اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی ہے۔رپورٹ کے مطابق زرعی شعبے کے لئے قرضوں میں 36.9 فیصد اضافہ ہوا، اسی طرح نجی شعبے کو دیئے گئے قرضے 13 فیصد اضافے کے ساتھ 8.5 کھرب روپے (اگست 2024) سے بڑھ کر 9.6 کھرب روپے (اگست 2025) ہو گئے ۔