نیویارک( جنگ نیوز)نیویارک سٹی ہال میں پیغمبر اسلام ﷺ کے 1500ویں یوم ولادت پرتاریخی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے کہانبی پاکﷺ پوری دنیا کیلئے نمونہ اخلاق تھے، آج دین اسلام پوری دنیا میں پھیل چکا ہے اور ہم اس عظیم پیغمبر ﷺ کی تعلیمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو رحمت، انصاف اور انسانیت کی خدمت پر مبنی ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ پیغمبر اسلام ﷺ کی ولادت کا دن نیویارک میں ہر سال منایا جائے گا اور اس سلسلے میں ایک ’’پروکلیمیشن سرٹیفکیٹ‘‘ بھی جاری کیا گیا۔اس موقع پر پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺ کوخراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب میں معروف اسلامی اسکالر اور بروکلین سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی لیڈر امام صداد مدنی ،امام موسیٰ نے بھی خطاب کیا اور میئر ایڈمز کی خدمات کو سراہا۔اس موقع پرمسلم کمیونٹی کے رہنما، 50 سے زائد دینی تنظیموں کے نمائندگان، مساجد کے ائمہ سمیت مذہبی شخصیات بھی شریک تھیں۔