اسلام آباد (محمد صالح ظافر/ خصوصی تجزیہ نگار) رانا ثناء اللہ خان کو بطور سینیٹر وفاقی کابینہ میں شامل کیا جائے گا اہم قلمدان تفویض ہونے کا امکان ، وہ ڈیڑھ سال کے لئے بطور سینیٹرچنے گئے ہیں مارچ 2027 میں سینیٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے،حلف برداری اختتام مہینہ ہوگی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ان سے حلف لیں گے،رانا ثناء اللہ پی ڈی ایم حکومت میں وفاقی داخلہ رہے تھے وہ بدستور اسی وزارت کے خواہاں تھے کہ قومی اسمبلی کا رکن نہیں بننے دیئےگئے فی الوقت وفاقی وزارت داخلہ میں مکمل وزیر کے علاوہ وزیر مملکت اور وزیراعظم کے مشیر بھی ہیں،فروری کے انتخابات کے بعد وہ حکومت میں شامل نہیں ہونا چاہتے تھے نواز شریف کے اصرار پر وزیر اعظم کا مشیر بننا منظور کیا تھا،وزیراعظم کے سیاسی اور عوامی امور کے لیے مشیر رانا ثناء اللہ خان کو وفاقی کابینہ میں بطور وزیر شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ توقع ہے کہ انہیں اہم قلمدان سونپا جائے گا۔ منگل کو پنجاب اسمبلی سے سینیٹ کارکن منتخب ہونے کے فوری بعد انہوں نے یقین دلایا کہ وزیراعظم انہیں جو بھی ذمہ داری تفویض کریں گے، وہ اپنی پوری کوشش سے اسے انجام دینے کی کوشش کریں گے۔ فی الوقت وہ وزیراعظم کے چار مشیروں میں شامل ہیں جو غیر منتخب ہیں، ان میں ڈاکٹر سید توقیر علی شاہ، پرویز خٹک اور محمدعلی شامل ہیں۔