اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد) آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری بڑھانے، طویل المدتی کاروباری تعلقات کے قیام، باکو اور اسلام آباد میں مستقل پروڈکٹ ڈسپلے سینٹرز کے قیام اور مشترکہ بزنس ٹو بزنس سیشنز کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں آذربائیجان ایکسپورٹ اینڈ انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسی (AZPROMO) اور آذربائیجان پاکستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقات ہوئی۔ پاکستانی وفد کی قیادت اے پی جے سی سی آئی کے پیٹرن اِن چیف احسن ظفر بختاوری نے کی جبکہ اے زیڈ پرومو کے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر تورال حاجیلی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔تورال حاجیلی نے اس موقع پر کہا کہ ان کی تنظیم کا بنیادی مقصد برآمدات کو فروغ دینا اور سرمایہ کاری کو متوجہ کرنا ہے۔