لاہور (ایجنسیاں) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے دریاؤں کے قدرتی راستوں پر قائم ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف احتجاج کا اعلان کر دیا۔چوہنگ میں الخدمت فاؤنڈیشن کی خیمہ بستی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر قدرتی آفت کے بعد اقدامات کرنے کے بجائے پہلے سے حکمت عملی اختیار کی جانی چاہیے تھی۔انہوں نے کہا کہ جعلی این او سی حاصل کرکے دریائی زمین پر تعمیرات کرنے والوں کیخلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔ یہ سوسائٹیاں نہ صرف ماحولیاتی تباہی کا باعث بن رہی ہیں بلکہ سیلاب کے دوران انسانی جانوں اور کھیتوں کو بھی شدید خطرات لاحق کرتی ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک منظم نظام کے تحت ریلیف سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور خواتین و یوتھ ونگ بھی متاثرین کی بحالی میں شریک ہیں۔