کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے ماتحت عدالتوں کے ججز اور عملے کے غیر ضروری سوشل میڈیا کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔ ممبر انسپکشن ٹیم نے ضلعی ججز اور عملے کو مراسلہ ارسال کردیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ماتحت عدلتوں کے ججز، افسران اور عملہ سوشل میڈیا کے استعمال میں نظم و ضبط اور وقار کا خیال رکھیں اور آئندہ کے لئے سوشل میڈیا کے استعمال میں ضابطہ اخلاق کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ ممبر انسپیکشن ٹیم نے تحریری طور پر واضح احکامات پہنچائے ہیں کہ سوشل میڈیا پر ایسی کوئی سرگرمی نہ کی جائے جو ادارے کی بدنامی کا باعث بنے اور آئندہ سوشل میڈیا پر سرکاری خط و کتابت، دستاویز یا عدالتی کارروائی سے متعلق مواد سے نشر کرنے سے مکمل پرہیز کریں ماتحت عدلیہ کے ججز سمیت افسران و عملہ خبردار رہے کہ بغیر اجازت خفیہ معلومات شیئر کرنا سندھ سول سرونٹس رولز کی خلاف ورزی ہے زیر التوا، نمٹائے گئے مقدمات یا پالیسی معاملات سے متعلق پوسٹ یا کمنٹس سے اجتناب کیا جائے اور سب پر لازم ہے کہ سیاسی، فرقہ وارانہ یا لسانی بنیاد پر قابل اعتراض مواد شائع کرنے سے پرہیز کریں۔