کراچی (نیوز ڈیسک) ارجنٹائن میں قائم حیاتیاتی اور جینیاتی تحقیق کے ادارے خیرون بایوٹیک نے دنیا کے پہلے ایسے گھوڑے تیار کیے ہیں جن میں جینیاتی تبدیلی کی گئی ہے اور ان کی جینز کو جدید CRISPR ٹیکنالوجی کے ذریعے تبدیل کیا گیا ہے تاکہ ان کی رفتار اور طاقت میں اضافہ ہو سکے۔ یہ پانچ گھوڑے ایک مشہور مادہ گھوڑی ’’پولو پیورزا‘‘ کی کلون شدہ نقل ہیں جن میں ’’میریسٹاٹن‘‘ نامی جین کو کاٹ دیا گیا ہے۔ یہ جین عموماً بافتوں (مسلز) کی نشوونما کو روکتی ہے، لیکن اسے ختم کرنے سے گھوڑوں کے پٹھوں کی طاقت بڑھ گئی ہے اور ان میں دوڑنے کی غیر معمولی صلاحیت پیدا ہو گئی ہے۔ گھوڑوں کے یہ بچے اکتوبر اور نومبر 2024ء میں پیدا ہوئے تھے اور فی الوقت دس ماہ کے ہیں اور ارجنٹائن کے ایک فارم پر آرام سے رکھے گئے ہیں۔ کمپنی کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی فطری اصولوں کے مطابق ہے اور اسے جینیاتی ڈوپنگ یا جی ایم او کے زمرے میں نہیں آنا چاہئے۔