• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دل کے دورے کا سبب انفیکشن بھی بن سکتا ہے، نئی تحقیق میں انکشاف

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

ایک تحقیق میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ دل کے دورے کی وجوہات صرف کولیسٹرول، سگریٹ نوشی یا ہائی بلڈ پریشر تک محدود نہیں بلکہ یہ بعض اوقات ’انفیکشن‘ یعنی متعدی جراثیم سے بھی جڑی ہو سکتی ہیں۔

فِن لینڈ اور برطانیہ کے محققین کی یہ تحقیق معروف جریدے ’جرنل آف دی امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن‘ میں شائع ہوئی ہے۔

تحقیق میں انکشاف کیا گیا کہ خون کی شریانوں میں جمع ہونے والی چربی (پلیکس) کے اندر بیکٹیریاز زندہ رہ سکتے ہیں جو ایک ’بائیو فلم‘ کی شکل میں چھپے ہوتے ہیں۔

یہ بیکٹیریاز برسوں خاموش رہتے ہیں لیکن جب جسم کسی وائرس یا دیگر دباؤ کا شکار ہوتا ہے تو یہ اچانک ’جاگ‘ اٹھتے ہیں جس کے نتیجے میں شریان میں سوزش پیدا ہوتی ہے، پلیک پھٹ جاتی ہے اور خون کا لوتھڑا بننے سے دل کا دورہ پڑ سکتا ہے۔

تحقیق کے مرکزی پروفیسر پیکا کارہونن کا کہنا ہے کہ دل کی بیماری میں جراثیم کے کردار پر پہلے بھی سوال اٹھائے گئے ہیں لیکن یہ تحقیق سب سے زیادہ واضح اور قوی ثبوت فراہم کرتی ہے۔ 

جنوبی ایشیا میں دل کی بیماریاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور اکثر کم عمری میں ہی ان کی علامات سامنے آ رہی ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر بیکٹیریا اور انفیکشن واقعی دل کے دورے کے بڑے محرک ثابت ہوئے تو ویکسینیشن، منہ کی صحت اور انفیکشن کا بروقت علاج بھی دل کے امراض کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اب تک دل کی بیماریوں کی روک تھام کے لیے کولیسٹرول، شوگر اور بلڈ پریشر پر قابو پانے پر زور دیا جاتا رہا ہے مگر اس نئی تحقیق کے بعد امکان ہے کہ مستقبل میں اینٹی بائیو فلم علاج یا خصوصی ویکسین بھی کارڈئیک کیئر کا حصہ بن جائیں۔


نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے معالج سے رابطہ کریں۔

صحت سے مزید