کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی عدالت نےتین سالہ بچے کی جنریٹر چوری اور دھمکیاں دینے کے مقدمے میں ضمانت منظور کرلی، کمسن رحیم اللہ گرفتاری کے خدشے کے پیشِ نظر وکیل صفائی کی مدد سے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے پانچ ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض اس کی ضمانت منظور کرلی، وکیل کے مطابق رحیم اللہ اور اس کے خاندان کے مزید سات افراد پر گلریز نامی شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ ملزمان نے جنریٹر اور نوے ہزار روپے چوری کیے، مدعی کو دھمکیاں دیں اور ہراساں کیا، وکیل صفائی کا مؤقف تھا کہ ایک تین سالہ بچہ اس نوعیت کے جرم کا ارتکاب کرنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتا، مقدمہ بدنیتی اور ذاتی دشمنی کی بنیاد پر قائم کیا گیا ہے، پولیس کے مطابق مقدمہ گلریز کی شکایت پر عدالتی حکم کے مطابق درج کیا گیا ہے جس میں سات افراد سمیت رحیم اللہ کو بھی نامزد کیا گیا۔