کراچی (اسد ابن حسن) برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز کو اپنے ملک میں فضائی اپریشن کرنے کی اجازت دے دی تھی مگر ڈیڑھ ماہ گزرنے کے باوجود پاکستانی ایئر لائنز کاآپریشن شروع نہیں ہو سکا۔ پاکستان کی قومی ایئر لائن جو مسلسل خسارے میں ہے اس کو امید تھی کہ اس روٹ پر اپریشن شروع کرنے سے خسارے میں کچھ کمی آئے گی۔ برطانیہ کے لیے فلائٹ اپریشن پہلے اگست میں اور پھر رواں ماہ کے اوائل میں شروع ہونا تھا مگر اب تک ایسا نہیں ہو سکا اس کی وجہ تھرڈ کنٹری اپریٹرز (TCO) کے لائسنس کا اجرا نہ ہونا ہے۔ ایئر لائن کےترجمان عبداللہ حفیظ کا کہنا تھا کہ ہم ابھی ٹی سی او لائسنس کا انتظار کر رہے ہیں اور جیسے ہی ہمیں سول ایوی ایشن نے لائسنس جاری کیا ہم اپنی پروازوں کا آغاز کر دیں گے۔