کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عالمی بینک کے تعاون سے کراچی کا جامع ٹرانسپورٹ ماسٹر پلان تیار کرے گی تاکہ شہر کے دیرینہ سفری بحران کو حل کیا جا سکے۔اس منصوبے میں بس ریپڈ ٹرانزٹ نظام، میٹرو لائٹ ریل اور کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کو شامل کیا جائے گا، تاکہ شہریوں کو جدید اور پائیدار سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں،کراچی کو روزانہ کی طلب پوری کرنے کے لیے 15ہزار بسوں کی ضرورت ہے۔یہ اعلان انھوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کے دوران کیا جس میں عالمی بینک کے اعلیٰ سطح کے وفد نے شرکت کی۔ وفد کی قیادت مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور پاکستان کے لیے ٹرانسپورٹ پریکٹس منیجر ابراہیم خلیل ذکی نے کی۔