خیبر پختون خوا حکومت کے مشیرِ خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کو ریلیف دینا تو درکنار، اعلان بھی نہیں کیا۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ 2022ء کے سیلاب میں اعلان شدہ ریلیف پیکیج کے لیے عوام آج تک منتظر ہیں، سندھ اور پنجاب کے 2005ء کے زلزلے میں تباہ شدہ عمارتوں کی تعمیر کے دعوے آج تک نامکمل ہیں۔
مزمل اسلم نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے پنجاب کی ترقی کے دعوے کھول کر رکھ دیے ہیں، اوپر اوپر سے چند سڑکوں کی سرخی پالش کر کے دکھایا گیا۔
مشیرِ خزانہ خیبر پختون خوا نے کہا کہ پنجاب میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے پر کام نہیں کیا گیا، پنجاب حکومت وفاقی امداد کی منتظر جبکہ وفاق آئی ایم ایف کی اجازت کی طالب ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسری طرف بلاول عالمی امداد کی طرف نظریں جمائے بیٹھے ہیں، وزیرِ اعظم کو بیرونِ ملک سفر اور ایم او یوز سے فرصت نہیں مل رہی۔
مشیرِ خزانہ خیبر پختون خوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ صدرِ مملکت کی غیر حاضری اور اب چین کے دورے پر جانے سے عوامی معاملات میں دلچسپی صاف ظاہر ہے۔