• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلمان خان دھرمیندر کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے

فوٹو: اسکرین گریب۔سوشل میڈیا
فوٹو: اسکرین گریب۔سوشل میڈیا

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر اگر آج زندہ ہوتے تو وہ اپنی 90ویں سالگرہ منا رہے ہوتے۔

 24 نومبر کو دھرمیندر دنیا سے رخصت ہو گئے اور ممبئی کے پاون ہنس میں خاموشی سے آخری رسومات ادا کی گئیں۔ دو روز بعد ان کے بیٹے سنی دیول اور بوبی دیول سمیت اہلِ خانہ نے ان کی غیر معمولی زندگی اور وراثت کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک دعائیہ تقریب منعقد کی۔

اداکار سلمان خان، جو دھرمیندر کے ساتھ گہری محبت اور ربط رکھتے تھے، نے اپنے جذبات کھل کر بیان کیے ہیں۔ 

بگ باس 19 کے گرینڈ فائنل کے موقع پر سلمان خان دھرمیندر کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے لرزتی آواز میں کہا کہ ’’دھرم جی میرے والد کے جنم دن پر دنیا سے چلے گئے۔

اس دوران سلمان خان نے مزید کہا کہ ہم نے ’ہی مین‘ اور ایک بہترین انسان کو کھو دیا۔ مجھے نہیں لگتا کہ دھرم جی سے بہتر کوئی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے زندگی بادشاہوں کی طرح گزاری اور ہمیں سنی، بوبی اور ایشا جیسے لوگ دیے۔ 

بالی ووڈ کے بھائی جان نے مزید کہ جب سے وہ فلم انڈسٹری میں آئے، ان کی ایک ہی خواہش تھی کہ صرف کام کرنا۔ انہوں نے بے شمار کردار نبھائے۔ وہ معصوم چہرہ اور ہی مین کا جسم لے کر آئے۔ وہ کشش آخر دم تک برقرار رہی۔ دھرم جی، آپ سے محبت ہے۔ آپ ہمیشہ یاد آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اصل بات یہ ہے کہ وہ 24 نومبر کو دنیا سے رخصت ہوئے، یہی میرے والد کا جنم دن ہے اور کل میرا اور میری والدہ کا بھی جنم دن ہے۔ اگر میں اتنا دکھ محسوس کر رہا ہوں تو سوچیں سنی اور ان کے گھر والے کیا محسوس کر رہے ہوں گے۔

دھرمیندر کی دوسری اہلیہ ہیما مالنی نے بعد میں بتایا کہ اداکار ہمیشہ وقار کے ساتھ جینا چاہتے تھے اور کبھی کمزور نظر نہیں آنا چاہتے تھے، اسی وجہ سے ان کی آخری رسومات نجی طور پر ادا کی گئیں۔ 

اس کے باوجود تقریب میں فلمی دنیا کی کئی نامور شخصیات موجود تھیں، جن میں ان کے شعلے کے ساتھی امیتابھ بچن کے علاوہ رتیک روشن، ابھیشیک بچن، سلمان خان، شاہ رخ خان اور دیگر شامل تھے۔

Entertainment سے مزید