جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کے اسٹار اداکار الو ارجن کی فلم ’’پشپا 2: دی رول‘‘ باکس آفس پر نئے ریکارڈز بنا رہی ہے۔ جو عالمی سطح پر باکس آفس پر تیز ترین 1000 کروڑ روپے کمانے والی فلم بھی بن گئی ہے۔
حال ہی میں بالی ووڈ کے معروف اداکار سدھارتھ کو سوکومار کی اس فلم پر تبصرہ کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے اور فلم کے معیار کے درمیان کوئی تعلق نہیں ہے۔
اب اداکار نے اپنے اس تبصرے پر بات کی ہے، جس پر الو ارجن کے مداحوں نے ان پر کافی تنقید کی تھی۔
چنئی میں اپنی آنے والی فلم ’’مس یو‘‘ کے پریس میٹ کے دوران سدھارتھ سے سوال کیا گیا کہ کیا ان کا پشپا 2 پر الو ارجن کے ساتھ کوئی ’مسئلہ‘ ہے، تو انہوں نے کہا کہ ’’مجھے خود لفظ ’مسئلہ‘ سے مسئلہ ہے اور میں نہیں سمجھتا کہ مجھے اس پر وضاحت دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’پشپا 2 کی ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد۔ پہلی فلم بہت بڑی ہٹ تھی، اس لیے ظاہر ہے کہ لوگ سیکوئل دیکھنے کےلیے تھیٹر آئیں گے۔‘‘
واضح رہے کہ سدھارتھ ملہوترا نے پشپا 2 کے ہجوم کی موجودگی کا موازنہ کیا تو الو ارجن کے مداحوں نے اُن کی ٹرولنگ شروع کردی تھی۔
سدھارتھ نے الو ارجن، رشمیکا مندانا اور فہد فاضل کی شاندار پرفارمنس کی بدولت باکس آفس پر دھوم مچانے والی پشپا 2 پر تنقید کی۔
انہوں نے فلم کے پروموشنل ایونٹس میں مداحوں کی بڑی تعداد میں موجودگی کا مذاق اڑایا اور کہا تھا کہ بھارت میں بہت زیادہ ہجوم معیار کو یقینی نہیں بناتا ہے۔