• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رنز ساتھ چھوڑ گئے، صائم کے پانچ میچ میں تین گولڈن ڈک، دنیا کے پہلے بیٹر

دبئی (نمائندہ خصوصی) صائم ایوب کی خراب بیٹنگ فارم کا سلسلہ تھم نہ سکا، رنز ان کا ساتھ چھوڑ گئے ہیں، ان کی مشہور زمانہ ’’نو لک‘‘ شاٹ ابھی کہیں دکھائی نہیں دے رہی۔ وہ تیزی سے اعتماد کھورہے ہیں۔ لیفٹ ہینڈر اوپنر پانچویں میچ میں تیسری بار گولڈن ڈک کا شکار ہوئے۔ وہ ایک ماہ میں تین گولڈن ڈک لینے والے دنیا کے پہلے بیٹر ہیں۔ وہ عمان کے خلاف بھی صفرپر آؤٹ ہوئے تھے۔ ایشیا کپ 2025کے سب سے بڑے اور سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کے بائیں ہاتھ کے اوپنر صائم ایوب نے ایک ناپسندیدہ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروا لیا۔ بھارت کے خلاف ہائی وولٹیج میچ میں وہ پہلی ہی گیند پر صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس مقابلے میں پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو صائم ایوب پہلی ہی گیند پر ہاردک پانڈیا کی ایک آؤٹ سوئنگ ہوتی ہوئی لینتھ گیند پر غیر یقینی انداز میں شاٹ کھیل بیٹھے۔ گیند سیدھی جا کر جسپریت بمرا کے ہاتھوں میں آسان کیچ کی صورت میں تھم گئی، اور یوں سائم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ یہ صائم ایوب کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں ساتواں صفر ڈَک تھا، جس کے ساتھ وہ پاکستان کے ان کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے سب سے زیادہ مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے میدان چھوڑا۔ اس فہرست میں بابر اعظم، محمد حفیظ اور کامران اکمل پہلے ہی سات سات صفر کے ساتھ موجود ہیں۔ اس ناپسندیدہ فہرست میں سرفہرست نام عمر اکمل کا ہے، جنہیں 84 میچوں میں 10بار بغیر رن بنائے آؤٹ ہونا پڑا۔ ان کے بعد شاہد آفریدی ہیں، جنہیں 98یچوں میں 8بار صفر پر پویلین واپس جانا پڑا۔ سائم ایوب اب تیسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے 43میچوں میں سات بار صفر کا سامنا کیا ہے۔ یہ کارکردگی صائم کے لیے تشویشناک ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب انہیں نوجوان بیٹنگ ٹیلنٹ کے طور پر مستقبل کا ستون سمجھا جا رہا تھا۔ ٹیم مینجمنٹ کو ان کی فارم پر فوری نظرثانی اور بحالی کی ضرورت ہے ۔

اسپورٹس سے مزید