دبئی (نمائندہ خصوصی) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پیر کو واحد ڈبل ہیڈر اور واحد ڈے میچ بھی کھیلا جائے گا۔شیخ زاید اسٹیڈیم ابوظبی میں میزبان متحدہ عرب امارات اورعمان کا میچ کھیلا جائے گا۔ دبئی اسٹیڈیم میں سری لنکا اور ہانگ کانگ آمنے سامنے ہوں گی۔ پریس کانفرنس میں امارات کے کپتان محمد وسیم نے کہا کہ ہم نے حالیہ سالوں میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔لیکن بھارت کے خلاف میچ خراب گیا ،کوشش کررہے ہیں کہ اسے فراموش کرکے نئے میچ کی تیاری کریں۔ بھارت کے خلاف57رنز آؤٹ ہونے اور یکطرفہ شکست کے باوجود ہم ٹورنامنٹ میں ہیں ۔ عمان سے ہم نے بہت کرکٹ کھیلی ہے اور ہمیں اندازہ ہے کہ ان کے خلاف کس طرح کھیلنا ہے اس کے بعد بدھ کو پاکستان کو بھی شکست دینے کی کوشش کریں گے۔ محمد وسیم نے کہا کہ پاکستان بھارت میچ سے ہمیں کوئی سرو کار نہیں ہے ہماری نیک خواہشات دونوں ٹیموں کے ساتھ ہیں۔ ہانگ کانگ کے ہیڈ کوچ کوشل سلوا نے کہا کہ ایسوسی ایٹ ملکوں کو بڑی ٹیموں کے ساتھ زیادہ میچ ملنے چاہیے۔کوشش کریں گے کہ پہلا میچ ہارنے کے باوجود دوسرے میچ میں اچھی کرکٹ کھیلیں۔