دبئی (نمائندہ خصوصی) پاک بھارت کے میچ سے قبل عام تاثر تھا کہ ٹکٹ فروخت نہیں ہوئے ، لیکن اس کے برعکس اتوار کو تماشائی دوپہر دو بجے سے گیٹ کھلنے کا انتظار کرتے رہے اور پونے چار بجے گیٹ کھول دیئے گئے۔ گرم موسم کی وجہ سے تماشائیوں نے شام کے وقت اسٹیڈیم کا رخ کیا ۔ دبئی اسٹیڈیم کے اطراف ٹریفک جام تھا ،تماشائیوں کو لمبی قطاروں کی وجہ سے اندر داخل ہونے میں مشکل پیش آئی، کئی لوگ میچ شروع ہونے کے بعد گراؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کرتے رہے۔ پاکستانی ٹیم جیسے ہی اسٹیڈیم پہنچی بس کے قریب کھڑے تماشائی جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگاتے رہے۔ تماشائی اپنے اپنے ملکوں کے پرچم ساتھ لائے تھے اور ڈسپلن کے ساتھ میچ دیکھتے رہے۔پبلک ایڈریس سسٹم پر دونوں ملکوں کے گانے چلتے رہے۔ تماشائیوں میں اکثریت بھارتیوں کی تھی لیکن تماشائیوں نے اطمینان سے اپنی اپنی ٹیموں کو سپورٹ کیا۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات تھے میچ سے قبل پورے اسٹیڈیم کو چیک کیا گیا۔