کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بولان اکیڈمی کے زیراہتمام مائنز و منرلز ایکٹ ، ریکوڈک منصوبہ اور مستقبل کے لئے لائحہ عمل کے موضوع پر بریفنگ سیشن ہوا ،جس کی صدارت آل پاکستان مائنز ایسوسی ایشن کے صدر میر بہروز ریکی نے کی جبکہ کلیدی خطاب سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن و سابق ایڈووکیٹ جنرل امان اللہ کنرانی نے کیا ۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر محمد یونس ملازئی ، غلام مرتضی جوگیزئی ، حاجی گل محمد ترین ، شاہ خالد کاکڑ ، جلیل خان کاکڑ ، برات علی محمد ، نعیم رند سمیت بولان اکیڈمی اور مائنز ایسوسی ایشن کے کئی عہدیدار اور دانشور بھی مجود تھے ۔بولان اکیڈمی کے ڈائریکٹر عبدالمتین اخونزادہ نے کہا کہ معدنیات ریاست اور عوام دونوں کے لئے انتہائی اہمیت رکھتی ہیں اگر انہیں ٹیکنیکل اور سائنسی بنیادوں پر آگے نہ بڑھایا گیا تو یہ وسائل اشرافیہ ، مافیاز اور نااہل بیورو کریسی کے قبضے میں رہیں گے اور عوام ان کے فائدئے سے محروم رہیں گے ۔ سیمینار سے ممتاز محقق و مصنف مولانا عبدالحق ہاشمی ، پاکستان مائنز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید فتح شاہ عارف ، نثار موسیٰ دشتی ، میر محمد عاصم سنجرانی ، ڈاکٹر عطا الرحمٰن اور جماعت اسلامی بلوچستان کے سیکرٹری جنرل مرتضی خان کاکڑ سمیت دیگر مقررین نے بھی اظہارِ خیال کیا ۔