• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فٹنس سرٹیفکیٹ، روٹ پرمٹ کے بغیر اور مسافروں کو چھت پر بٹھانے والی گاڑیوں کاچالان

کوئٹہ(این این آئی)سیکریٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان محمد حیات کاکڑ کی ہدایت اور سیکریٹری پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (پی ٹی اے) بلوچستان وحید شریف عمرانی کی نگرانی میں صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ، بین الصوبائی اور عبوری روٹ کی بسوں کے ساتھ ساتھ اوور لوڈنگ کرنے والے ٹرک، آئل ٹینکرز، کم عمر ڈرائیورز اور بغیر روٹ پرمٹ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے۔اس سلسلے میں پی ٹی اے بلوچستان اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس (NHMP) نے طور ناصر کراس کے مقام پر مشترکہ چیکنگ کی اس کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 55 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی جن میں سے 12زیادہ بھری ہوئی ویگنیں/بسیں05سرچ لائٹس جبکہ 6 بغیرفٹنس سرٹیفکیٹ اور 17روٹ پرمٹ کے بغیر چلنے والی اور 02چھت پر مسافر بٹھانے والی گاڑیوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر موقع پر چالان کئے گئے۔اس موقع پر سیکریٹری پی ٹی اے بلوچستان وحید شریف عمرانی نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ صرف انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالتی ہے بلکہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بدانتظامی کو بھی بڑھاتی ہے۔ پی ٹی اے بلوچستان اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس مشترکہ طور پر ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کر رہے ہیں۔ اوور لوڈنگ، کم عمر ڈرائیونگ، بغیر روٹ پرمٹ یا فٹنس سر ٹیفکیٹ کے گاڑی چلانے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کی پالیسی واضح ہے کہ مسافروں کی حفاظت اور بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو معیاری، محفوظ اور باقاعدہ رجسٹرڈ ٹرانسپورٹ ملے۔ اس سلسلے میں خلاف ورزی کرنے والے مالکان اور ڈرائیوروں کے خلاف سخت ایکشن جاری رہے گا۔
کوئٹہ سے مزید