• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریت کی اصل روح اقتدار میں عوامی شمولیت ہے، بابا عمرانی

کوئٹہ ( خ ن)وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے محکمہ لیبر اینڈ مین پاور سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے کہا ہے کہ جمہوریت محض ایک نظامِ حکومت نہیں بلکہ یہ عوام کے اعتماد، شمولیت اور مساوات پر مبنی طرزِ زندگی کا نام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کیا۔ سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ جمہوریت کی اصل روح عوامی شمولیت، بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور اداروں کی بالادستی میں پوشیدہ ہے۔ ایک صحت مند جمہوری معاشرہ تب ہی تشکیل پا سکتا ہے جب ہر شہری کو برابر کے مواقع میسر ہوں اور فیصلے عوامی مفاد کو سامنے رکھ کر کیے جائیں۔ مشیر محنت و افرادی قوت نے مزید کہا کہ معاشرتی انصاف، شفافیت اور قانون کی حکمرانی وہ ستون ہیں جن پر ایک مضبوط اور دیرپا جمہوری نظام استوار کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت عوام کی آواز اور ان کی طاقت سے وجود میں آتی ہے۔ اگر عوام کا اعتماد اور شمولیت قائم رہے تو جمہوریت نہ صرف مضبوط ہوتی ہے بلکہ ترقی اور خوشحالی کی ضمانت بھی بنتی ہے۔ سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم جمہوری اقدار کے تحفظ، عوامی شراکت داری کے فروغ اور اداروں کی مضبوطی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے تاکہ بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں ایک منصفانہ اور پائیدار جمہوری کلچر پروان چڑھ سکے۔
کوئٹہ سے مزید