• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری افسر سے بد کلامی اور دھمکیاں قابل مذمت ہیں، آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)بلوچستان سول سروس (ایگزیکٹو برانچ) آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ترجمان نے سابقہ صوبائی وزیر غلام سرور موسیٰ خیل کے ناقابلِ برداشت اور افسوسناک رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق صوبائی وزیر نے ایک سینئر سرکاری افسر کے دفتر میں گھس کر بدزبانی، گالم گلوچ اور کھلی دھمکیاں دیں جو ناقابل برداشت عمل ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیا ن میں کہا گیا ہے کہ یہ طرزِ عمل نہ صرف غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے بلکہ سول سروس کے وقار، آزادیِ عمل اور سرکاری دفاتر کے تقدس پر براہِ راست حملہ ہے کسی بھی عوامی نمائندے یا فرد کو یہ اختیار نہیں دیا جا سکتا کہ وہ سرکاری افسران کو دھونس، دباؤ اور دھمکیوں کے ذریعے ہراساں کرے۔ ہم حکومتِ بلوچستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ غلام سرور موسیٰ خیل اور ان کے ساتھیوں کے خلاف فوری، شفاف اور موثر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی فرد سرکاری افسران کو ہراساں کرنے کی جرات نہ کر سکے۔ حکومت نے اس واقعے پر فوری اور مؤثر قانونی کارروائی نہ کی تو ایسوسی ایشن اپنے افسران کے وقار اور تحفظ کے لیے احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہو گی۔
کوئٹہ سے مزید