اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت میں پولیس مقابلے میں ایک زیرحراست ملزم ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے،تھانہ نون پولیس گرفتار ملزمان زبیر اور سجاد کی نشاندھی پر ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لئے لے کر جارہی تھی کہ راستے میں چھپے ملزمان کے ساتھیوں نے اچانک پولیس ریڈنگ ٹیم پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس افسران بلٹ پروف جیکٹ اورحفاظتی اقدامات کی بدولت محفوظ رہے۔ تاہم گرفتار ملزمان زبیر اور سجاد ساتھی ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زبیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہارگیا ، ملزمان زبیر اور سجاد تھانہ نون کے مقدمہ نمبر 438/25 میں جسمانی ریمانڈ پر تھے۔گرفتار ملزمان نے دوران ڈکیتی 25 اگست کو بیکری کے مالک کو فائر مار کر قتل کیا تھا۔