وانا (نمائندہ جنگ) جنوبی وزیرستان لوئر میں پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ رات علاقے دانہ لگاڈ میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کو نشانہ بنایا۔ حملہ آور پولیس کانسٹیبل محمد عثمان کاکا خیل کو اغوا کرکے نامعلوم مقام پر لے گئے جبکہ ان کی سرکاری گاڑی کو بھی آگ لگا دی گئی۔سرکاری ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا، تاہم تاحال مغوی کانسٹیبل کی بازیابی یا حملہ آوروں کی گرفتاری کے حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔اسی دوران جنوبی وزیرستان لوئر کے سرحدی علاقے خمرانگ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ رپورٹ ہوا، جہاں 21سالہ نوجوان کامران خان کی سربریدہ لاش برآمد ہوئی۔