• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر صحافی اور جیو نیوز کے سید محمد صوفی انتقال کر گئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر صحافی اور جیو نیوز کے اسپورٹس ایڈیٹر سید محمد صوفی طویل علالت کے باعث80 برس کی عمر میں اتوار کوانتقال کر گئے۔انہیں سخی حسن قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا، نماز جنازہ مسجد بیت الر حمن صائمہ اریبیئن ولاز، نزد دو منٹ چورنگی میں ادا کی گئ جس میں کھیلوں کی معروف شخصیات، صحافیوں، جنگ اور جیوکے ادارتی،ا نتظامی عملے کے ارکان کے علاوہ عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی،مرحوم کا سوئم پیر15ستمبر کو ان کی رہائش گاہ صائمہ اربین ویلاز مکان نمبر 131بلاک جی پر بعد نماز عصر ہو گا۔ مرحوم نے چار صاحبزادوں اور بیوہ کو سوگوارن چھوڑا ہے۔ سید محمد صوفی جیونیوز، روزنامہ جنگ سمیت کئی اخبارات اور رسائل سے منسلک رہے۔سید محمد صوفی نے صحافت کو زندگی کے 60سال د ئیے، آزادی صحافت کی تحریک میں ان کا بنیادی کردار رہا اور قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔ سید محمد صوفی اردو صحافت میں استادوں کے استاد تھے، انہوں نے کلب کرکٹ سے ٹیسٹ کرکٹ تک کےمیچز کور کیے بلکہ دیگر اسپورٹس کی کوریج میں بھی کمال کام کیا۔کھلاڑی کے کھیل کی حوصلہ افزائی کیلئے سید محمد صوفی کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا جبکہ ان کی کی آزادی صحافت کیلئے جدوجہد کو بھی کبھی بھولا نہیں جاسکتا۔واضح رہے کراچی پریس کلب نے 2024 میں سینئر صحافی سید محمد صوفی کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں تقریب کا اہتمام کیا تھا جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے انہیں اعزازی شیلڈ بھی پیش کی تھی۔
اہم خبریں سے مزید