اسلام آباد(آئی این پی )حالیہ سیلاب سے ملکی معیشت کو اربوں روپے کے نقصان کا ابتدائی تخمینہ لگایا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سیلاب کے باعث سرکاری انفرا اسٹرکچر کو 35ارب روپے کا نقصان پہنچا جبکہ نجی شعبے کے نقصانات اسکے علاوہ ہیں۔ ملک بھر میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے تخمینے کا عمل بھی جاری ہے۔ وفاقی حکومت این ڈی ایم اے سمیت دیگر اداروں کے تعاون سے تفصیلی جائزہ لے رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت اب تک صوبے میں متاثرین کو 9 ارب روپے معاوضہ دے چکی جبکہ مجموعی امداد 12 سے 13ارب روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں آئی ایم ایف کے نمائندے ماہر بنیسی نے بھی سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا، ساتھ ہی آئی ایم ایف کے جائزہ مشن کے رواں ماہ دورہ پاکستان کی تصدیق بھی کر دی۔ملک بھر میں تباہ کن مون سون بارشوں کے پیش نظر حکومت نے سیلاب متاثرین کی مالی امداد اور بحالی کیلئے کوششیں تیز کر دیں۔