برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ، ناروے کے شہر اوسلو اور نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ان تینوں ملکوں میں رہنے والے مسلمانوں نے بھرپور شرکت کی اور سرکار دو عالمﷺ سے اپنی عقیدت اور محبت کا اظہار کیا۔
بریڈفورڈ میں سنی جمعیت عوام برطانیہ کے زیر اہتمام فاطمیہ کالج بریڈفورڈ میں عظیم الشان جشنِ میلاد النبی ﷺ کانفرنس منعقد ہوئی۔
کانفرنس کی صدارت پیر محمد عرفان حسین شاہ مشہدی موسوی نے کی جبکہ پیر سید ازکیٰ جلال الدین نگرانی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ اس روحانی تقریب میں بریڈفورڈ کے لارڈ میئر کونسلر محمد شفیق مہمانِ خصوصی تھے۔
صدارتی خطاب میں پیر عرفان شاہ مشہدی نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ نبی ہیں، جنہیں بنی نوع انسان کی ہدایت کے لیے منتخب فرمایا گیا۔ آپ ﷺ کی اطاعت دراصل اللہ کی اطاعت ہے اور آپ کی اتباع اللہ کی رضا کا ذریعہ ہے۔
لارڈ میئر بریڈفورڈ کونسلر محمد شفیق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بابرکت محفل میں شرکت میرے لیے اعزاز ہے۔ ہمیں نوجوان نسل کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیمات سے بھی روشناس کرانا ہوگا۔
پیر سید غفور حیدر گیلانی آف پناگ شریف نے کہا کہ راہِ حق پر وہی قائم رہتا ہے جو قرآن و اہلبیت کا دامن تھامے رکھے۔ قرآن و اہلبیت امت کے لیے ہدایت و نجات کے چراغ ہیں اور انہی سے وابستگی دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔
پیر سید اسد محمود شاہ کاظمی نے کہا کہ مسلمان کی اصل پہچان قرآن و سنت پر عمل اور اہلبیتِ اطہار سے وابستگی ہے، یہی اتحاد، امن اور فلاح کی ضمانت ہے۔
کانفرنس سے علامہ برکات احمد چشتی، علامہ ساجد شامی، علامہ محمد نبیل افضل قادری، مفتی ولی رضا قادری، پیر سید محسن محبوب گیلانی، علامہ پیر سید سلطان شاہ کاظمی، پیر سید عابد علی شاہ، مولانا فرخ بھٹی کاظمی، مولانا عرفان حسین عرفانی، کونسلر جاوید اقبال، صاحبزادہ عبدالرحیم عصر، صاحبزادہ سید نیاز احمد قادری، سنی جمعیت عوام کے صدر معین اختر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ تمام جہانوں کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔
تقریب میں ممتاز نعت خواں پیر سید الطاف حسین شاہ کاظمی، شہباز قمر فریدی، سید احسن رضا عرفانی، قاری محمد رضوان نعیمی، خلیفہ حافظ اسد ایاز، نعیم اقبال، مولانا محمد عرفان عرفانی، قاری سبطین علی قادری، حافظ سہیل طفیل عرفانی، اعجاز احمد رضوی، خلیفہ فیصل ایاز عرفانی اور دیگر نے حضور ﷺ کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ نعتیہ کلام اور درود و سلام سے محفل کا روحانی رنگ دوبالا ہوگیا۔
اس موقع پر ولادتِ رسول ﷺ کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔ پیر عرفان شاہ مشہدی نے امتِ مسلمہ کے اتحاد و اتفاق کے لیے خصوصی دعا کروائی۔
اوسلو(ناروے) میں بھی یوم ولادت رسول صلی اللہ علیہ وسلم 12ربیع الاول جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا اس سلسلے میں ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں جماعت اہلسنت ناروے کے زیراہتمام جلوس نکالا گیا، جس میں سیاسی سماجی ومذہبی رہنماؤں سمیت اوسلو کی دوسری مساجد کےعلماءکرام، ثناءخوان، نعت خوان، سماجی عہدیداران سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پاکستان صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی شاہ اور کیمیونٹی کے لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔
جلوس کے دوران اوسلوکی فضائے یا رسول اللہ ﷺ کے نعروں اور درود و سلام سے گونجتی رہی۔
جلوس میں النور اسلامک سنٹر کےامام سید محمد اشرف شاہ علامہ قاری خالد رضا قادری قاری محمودالحسن چشتی جماعت اہلسنت ناروے کے امام سید نعمت علی بخاری مسلم سنٹر فیوروست کے امام وخطیب علامہ قاری نور علی سیالوی مسلم سینٹر لورنسکوگ مسجد کےخطیب امام مفتی محمد طاہر عزیز، ورلڈ اسلامک مشن کےامام علامہ حافظ شیراز حسین، خالد محمود شیخ، معصوم زبیر چوہدری، زاہد اسلم مہمند چک، مشہور نعت خواں محمدعبد المنان، سینئر سیاستدان راجہ اقبال، پیپلز پارٹی ناروے کے سینئر نائب صدر چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں، راجہ عاشق حسین، پروفیسر مولانا نصیر احمد نوری، ڈاکٹر ارشد ضیاء، امام غوثیہ سوسائٹی اور کیمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جماعت اہلسنت ناروے کے صدر چوہدری زاہد اسلم نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 12ربیع الاول جشن عید میلاد النبی ﷺ منانے سے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور دونوں جہانوں کی خوشیا ں حاصل ہوتی ہیں۔
دریں اثنا دی ہیگ (ہالینڈ) میں پاکستان کمیونٹی سینٹر دی ہیگ میں سیرت النبیﷺ کانفرنس اتحاد بین المسلمین کے موضوع پر عظیم الشان تقر یب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے ارگنائزر چوہدری عامر یوسف، سید شیراز اکرم، راجہ سجاد حیدر اور چوہدری اسرار حسین تھے۔ تقریب کے مہمانان خصوصی ہالینڈ میں پاکستان کے سفیر سید حیدر شاہ اور صاحبزادہ ڈاکٹر حامد فاروق آف بوکن شریف گجرات تھے۔ جبکہ دیگر ممتاز علماۓ اکرام حسینی مشن نیدرلینڈز کے خطیب مولا نا سید اسرار حسین حسنی، منہاج القران دی ہیگ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ یاسر نسیم اور سینیئر صحافی اور سیکریٹری کشمیر پیس فورم نیدر لینڈز راجہ فاروق تھے۔
سفیر پاکستان سید حیدر شاہ نے خطاب کرتے منتظمین کو شاندار تقریب کے انقاد پر مبارکباد دی اور رحمت للعالمینﷺ کی سیرت طیبہ پر گفتگو کرتے ہوئے صلح حدیبیہ کا واقع بیان کیا۔
انھوں نے کہا کہ اسوہ رسولﷺ آج بھی ویسا ہی کامل ابدی رہنما ہے جیسے 1500 سال پہلے تھا، جدید دنیا کی پیچیدگیوں، سماجی چیلنجز اور اخلاقی بحرانوں کا حل سیرت النبیﷺ کی طرف رجوع کرنے میں ہے۔
صاحبزادہ ڈاکٹر سید حامد فاروق بخاری نے خطاب کرتے کہا امت مسلمہ کی بقا اور نئی نسل کو الحاد کے فتنے سے بچانے کا واحد حل اتحاد بین المسلمین میں ہے۔ قرآن مجید ہمیں حکم دیتا ہے کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامو اور آپس میں تفرقہ نہ ڈالو۔
حسینی مشن نیدرلینڈز کے خطیب سید اسرار حسین حسنی نے خطاب کرتے کہا کہ اتحاد بین المسمین وقت کی اہم ضرورت ہے۔
منہاج القران دی ہیگ کے عالم دین نے بھی اس ضمن میں بات کرتے ہوۓ اخوت ومحبت کادرس دیا۔
سینئر صحافی سیکریٹری کشمیر پیس فورم نیدرلینڈز راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ہم انفرادی خاندانی اور اجتماعی طور پر حضور پاک کی سیرت کو اپنائیں، آپﷺ تشریف لاۓ تو اندھیروں کا خاتمہ ہوا۔
تقریب میں ہالینڈ کے تمام شہروں سے سیکڑوں پاکستانیوں نے شر کت کی تقریب کے ا حتتام پر ضیافت کا اہتمام کیاگیا پاکستان کے استحکام ترقی خوشحالی کی دعا کی گئی اور فلسطین وکشمیر کی آزادی کے لکے بھی دعا کی گئی۔