کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ڈیفنس فیز 8 میں کار سوار ملزمان نے پولیس اہلکار کو اغوا کر لیا ،ملزمان مغوی اہلکار کو نیو سبزی منڈی کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگئے، تفصیلات کے مطابق ساحل تھانے کی حدود ڈیفنس خیابان عرفات کراسنگ صباء ایوینیو فیز 8 میں گزشتہ شب ساحل تھانے کی سرکاری کار میں سوار اہلکاروں نے ایک سفید رنگ کی مشکوک کار کو سنسان سڑک پر کھڑا دیکھ کر تلاشی کی نیت سے چیک کرنے کی کوشش کی تو کار میں سوار چار ملزمان نے اپنے پاس موجود اسلحہ سے فائرنگ شروع کر دی اور ہیڈ کانسٹیبل محمد اسحاق کو اپنی ہی کار میں یرغمال بنا کر فرار ہو گئے،پولیس نے جائے وقوع سے گولیوں کے 6 خول برآمد کر لیے جس میں سے دو نائن ایم ایم اور چار تیس بور پستول کے تھے، واقعہ کے تقریباً چار گھنٹے بعد مغوی پولیس اہلکار ساحل تھانے پہنچ گیا جہاں اس نے ساتھیوں کو بتایا کہ اغوا کار اسے سپرہائی وے نیو سبزی منڈی کے قریب اتار کر فرار ہوگئے،مدعی مقدمہ کے مطابق ملزمان نے میرا موبائل فون، نقد رقم، جاب کارڈ اور دیگر اشیاء چھین کر مجھے گاڑی سے دھکا دیکر گرادیا اور فرار ہو گئےوہاں سے میں واٹر ٹینکر کے ذریعے لفٹ کے کر لیاقت آبا اور پھر بائیکیا کے ذریعے واپس ساحل پولیس اسٹیشن پہنچا،پولیس نے بتایا کہ پولیس کار میں تین اہلکار سوار تھے،دیگر دو اہلکاروں کو کوارٹر گارڈ کردیاگیا ہے۔