کراچی (اسٹاف رپورٹر ) مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود اسکاؤٹ کالونی سے گزرنے والے نالے میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایک خاتون نے مبینہ طور پر نالے میں چھلانگ لگا دی، واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو ادارے کے رضاکار موقع پر پہنچے اور خاتون کی تلاش شروع کی تاہم تاحال خاتون کا کوئی سراغ نہ مل سکا، ایس ایچ او مبینہ ٹاؤن محمد نواز کے مطابق خاتون کی شناخت27 سالہ مشعل کریم زوجہ حسنین شاہ کے نام سے ہوئی ہے،انہوں نے بتایا کہ خاتون میٹروول تھرڈ کی رہائشی ، خاتون اور اس کے شوہر کا آبائی تعلق گلگت بلتستان سے ہے، خاتون نے چند برس قبل 28 سالہ حسنین شاہ سے پسند شادی کی تھی تاہم ان کی کوئی اولاد نہیں ہے،ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ خاتون نے مبینہ طور پر شوہر کے رویے سے دل برداشتہ ہوکرنالے میں چھلانگ لگائی ہے، شوہر دوسری شادی کرنا چاہتا تھا جس پر میاں بیوی میں لڑائی جھگڑا چل رہا تھا۔