• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار ماں بیٹا جاں بحق، ایک بیٹا زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ہیوی ٹریفک نے مزید 4افراد کی جان لے لی،2زخمی ہوگئے، تفصیلات کے مطابق قائد آباد تھانے کی حدود لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار ماں بیٹا جاں بحق جبکہ دوسرا بیٹا زخمی ہو گیا،متوفین کی لاشوں اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفیہ کی شناخت 45 سالہ رئیسہ زوجہ احمد اور جاں بحق نوجوان کی شناخت 20 سالہ ارمان او رزخمی نوجوان کی شناخت 24 سالہ حسنین ولد احمد کے نام سے ہوئی ہے،حادثے کے بعد پولیس نے واٹرٹینکرکو تحویل میں لینے کےبعد تھانے منتقل کردیا،پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق و زخمی ماں بیٹے لانڈھی کے رہائشی اور ایک فیکٹری میں کام کرتے اور ایک ہی موٹر سائیکل پرسوارتھے ،ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ پہلے ان کی موٹر سائیکل کسی دوسری موٹر سائیکل سے ٹکرائی ، اسی دوران عقب سے آنے والا ٹینکر ان پرچڑھ گیا،حادثے کے بعد واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا،حادثے میں زخمی ہونے والے حسنین نے بتایا کہ میں والدہ اور بھائی ارمان اپنی ملازمت پر جارہے تھے ، ٹینکر نے ٹکر ماری تو میری والدہ اور بھائی ٹائر کے نیچے آگئے،جاں بحق خاتون کے شوہر اور بچوں کے والد ندیم کا کہنا تھا کہ ہماری دنیا اجڑ گئی ،ہمیں انصاف چاہیے، دریں اثنا بلدیہ ناردرن بائی پاس حاجی خواستی گوٹھ کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا جنھیں سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا،جاں بحق نوجوان کی شناخت 28 سالہ شہباز اور زخمی کی شناخت 25 سالہ داؤد ولد اسلم کے نام سے کی گئی،ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر کے باعث پیش آیا ہے، ڈیفنس فیز 8 کریک وسٹا اپارٹمنٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں 35 سالہ یار جان ولد نورمحمد جاں بحق ہو گیا،واضح رہے کہ رواں برس ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 627 ہوگئی ہے جبکہ ہیوی ٹریفک کی زد میں آکر اب تک 195 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید