کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)رکن صوبائی اسمبلی اور نیشنل پارٹی کے رہنما رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان ایران برادر اسلامی ہمسایہ ممالک ہیں ،دو طرفہ تجارتی حجم بڑھانے کے لئے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں ،خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ترقی ممکن نہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نےگزشتہ روز خانہ فرہنگ ایران اور بلوچستان ریفارمز سوشل نیٹ ورک کے اشتراک سے منعقدہ ویمن امپاورمنٹ ایکسپو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں پنجگور اور دیگر سرحدی علاقوں میں قانونی راستوں کے ذریعے تجارت کو فروغ دیا جائے تاکہ دونوں طرف کے عوام خوشحال ہو سکیں انہوں نے کہا کہ خواتین ملکی آبادی کا نصف سے زائد ہیں انہیں کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا حکومت کو چاہیئے کہ خواتین کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کرے۔