کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) معروف خطیب مولانا عبدالغنی حقانی نے کہاہے کہ عقیدہ ختم نبوت دین اسلام کی اساس و بنیاد ہے جس پر اعتقاد کے علاوہ بندہ مسلمان ہو ہی نہیں سکتا، جن وانس کی رشد و ہدایت کے لیے اللہ تعالیٰ نے انبیاء علیہم السلام کاعظیم الشان سلسلہ جاری فرمایا، اس سلسلہ کو سیدالمرسلین خاتم النّبیین حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم کی ذات اقدس پر مکمل فرمایا، اب قیامت تک کوئی نبی نہیں آئے گا۔ان خیالات کااظہارانھوں نے گذشتہ روزجامعہ دارالعلوم ضیاء القرآن رحیمی ٹاؤن سبی روڈ کوئٹہ کے زیراہتمام عظیم الشان جلسہ تحفظِ ختم نبوت و دستار بندی سےخطاب کرتے ہوئے کیا،جلسہ کی صدارت مہتمم جامعہ قاری عبدالرحیم رحیمی نے کی، جبکہ انتظامات مولانا قاری عطاءالرحمن رحیمی اور قاری عبدالرحمن رحیمی نے سرانجام دیئے۔ انھوں نے کہا کہ قرآن و سنت ،اجماعِ امّت اور بنیادی اسلامی تعلیمات اس حقیقت پر گواہ ہیں کہ عقیدۂ ختم دین کا بنیادی شعار ،رسالت ِ محمدیﷺ کا امتیاز اور اسلام کے بنیادی عقائد میں سے ہے۔ جس پر ایمان دین کا بنیادی تقاضا ہے۔اس عقیدے پرایمان کے بغیراسلام کا تصور بھی محال ہے۔اس موقع پرمہمانِ خصوصی شیخ الحدیث مولانا عبدالباقی ، قاری محمد ابراہیم کاسی،مفتی اسامہ بلال، مجلس تحفظ ختم نبوت بلوچستان کے مبلغ مولانا محمد اویس اور علاقائی عالم دین مولانا اختر محمد پرکانی اورپیر طریقت مولانا عبد الستار گوہر آبادی، سمیت دیگر نے خطاب کیا۔