حافظ آباد،پنڈی بھٹیاں(نمائندہ جنگ،نامہ نگار)حافظ آباد کے علاقہ سکھیکی میں پرائیویٹ اکیڈمی کی بوسیدہ چھت گرنے سے5طلبہ سمیت 7افراد جاں بحق ہوگئے۔ملبے تلے دبے 3افراد کو تشویشناک حالت میں نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سکھیکی کے محلہ فاروق اعظم میں فرحت عباس کے بیٹے محمد عمران نے گھر میں اکیڈمی بنارکھی تھی ۔ گھر اکیڈمی میں بچوں کو ٹیوشن پڑھائی جا رہی تھی کہ اچانک کمرہ کی چھت زمین بوس ہو گئی جس کے ملبے کے تلے پانچ بچوں سمیت 8 افراد دب گئےجس کے نتیجہ میں حیدر ولد منظور، عمر نو سال، روہان عمر سات سال، عمرولد علی عمر آٹھ سال، عبدالرحمن عمر پانچ سال، ریحان، عمران ولد فرحت عمر 35سال، ثروت بی بی عمر62سال، صحیب فاطمہ عمر آٹھ سال جاں بحق ہوگئے، ریسکیو 1122کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تین گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد ملبہ تلے سے نکال کر نعشوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق،اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں جواد حسین ملک اور دیگر افسران موقعہ پر پہنچ گئے۔ڈپٹی کمشنر نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر چھت گرنے کے افسوس ناک واقعہ کا اور ریسکیو 1122کی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے افسوس ناک واقعہ میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور واقعہ پر دلی افسوس اور صدمے کا اظہار کیا۔ اس المناک واقع پر سکھیکی منڈی میں سوگ کا سماں تھا۔