کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے گلشن اقبال میں بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کے باعث تباہ حال یونیورسٹی روڈ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی بدانتظامی، نااہلی اور کرپشن نے اس شہر کے عوام کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے، ریڈ لائن منصوبہ جو شہریوں کی سہولت کے لیے شروع کیا گیا تھا، آج شہریوں کے لیے وبالِ جان بن چکا ہے،منعم ظفر خان نے ریڈ لائن منصوبے کی جلد تعمیر کے لیے ایکشن کمیٹی قائم کردی جلد ہی آئندکے لائحہ عمل کا اعلان کیاجائے گا،کمیٹی کا مرکزی دفتر ادارہ نورحق جبکہ ذیلی دفتر گلشن اقبال میں ہوگا، کمیٹی منصوبے سے متاثرین سے رابطہ کر کے جلد ہی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی،منعم ظفر خان نے مطالبہ کیا ہے کہ ریڈ لائن منصوبے کو فوری مکمل کیا جائے، متاثرہ دکانداروں اور دفاتر کو معاوضہ دیا جائے، یونیورسٹی روڈ کی کارپٹنگ، ٹریفک ڈائیورثن اور سیفٹی اقدامات کو فوری یقینی بنایا جائے، صورتحال یہ ہے کہ جگہ جگہ کھلے مین ہول ہیں، گڑھوں کی وجہ سے حادثات ہو رہے ہیں۔