کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم والوں کو یہ طے کرنا ہوگا وہ کس کے ساتھ ہیں انہیں اپنے وژن پر نظرِ ثانی کرنے کی اشد ضرورت ہے، منعم ظفر تنقید نہیں کریں گے تو کیا چھولے بیچیں گے، میری جنگ منافقت کے خلاف ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خالق دینا ہال میں ”فرزندِ کراچی“ کے عنوان سے کے ایم سی کے زیر انتظام ایک ادبی تقریب میں جس کا مقصد معروف شاعر، صحافی اور کالم نگار رئیس امروہوی کی 37 ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا کے موقع پر کیا ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر نے کہا کہ 2017 میں بی آر ٹی گرین لائن کو اجازت نامہ دیا گیا تھا اور تب سے آج تک ایم اے جناح روڈ کی حالت تباہ حال ہے،ہم نے بی آر ٹی انتظامیہ سے وقت مانگا ہے تاکہ منصوبے کی موجودہ صورت حال پر وضاحت لی جا سکے ،انہوں نے کہا کہ 27 ارب روپے جماعت اسلامی کے ٹاؤنز کو اب تک دیئے گئے ہیں،اگلے ہفتے ایک اور انکشاف کروں گا میری جنگ منافقت کیخلاف ہے،منعم ظفر کی بنائی ہوئی سڑک بیٹھ جاتی ہے اس کا جواب دیا،انہوں نے کبھی اس پر بات نہیں کی، سوشل میڈیا پر چند جماعتی پیج ہیں جس پر پروپیگنڈا کرتے ہیں حافظ صاحب بھی شاید اپنے نو ٹاؤنز کے چیئرمینوں سے ناراض ہیں جنہوں نے کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا ،میئر نے کہا کہ سچ یہ ہے کہ کراچی کی 106 سڑکوں پر فی الوقت کام جاری ہے اور عوام جلد بہتری محسوس کریں گے ، انہوں نے شہر میں چوری اور نشے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا۔