کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے حلقے کے عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے سلسلے میں کلی چلتن اور کلی کمالو سریاب کا دورہ کیا، دورے کے دوران انہوں نے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی سہولت اور اعلیٰ معیار تعمیر کو یقینی بنانے کے ساتھ تمام منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں ۔ اس موقع پر انہوں نے علاقہ مکینوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے اور حل کی یقین دہانی کرائی ۔ علاقہ مکینوں نے حاجی علی مدد جتک کے عوام دوست اقدام پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حاجی علی مدد جتک کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں کے باعث مختلف ترقیاتی منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جس سے علاقے کے عوام کے کئی ایک دیرینہ مسائل حل ہوگئے ہیں ۔